بھٹکل 20 جولائی (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ کے ونلّی سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دو ماہی گیروں میں ایک کی نعش آج برامد ہوگئی ہے البتہ دوسرے کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ برآمد ہونے والے ماہی گیر کی شناخت بھٹکل تینگن گنڈی کے رہنے والے محمد حسن آدم (28) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
نعش کوکمٹہ سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد بھٹکل تینگن گنڈی عطار محلہ لایا گیا، اس موقع پر بھٹکل کے سینکڑوں لوگ ونلّی سمندر کنارے موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ تینگن گنڈی عطار مسجد میں دوپہر3:15 بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
واضح رہے کہ کل منگل شام قریب پانچ بجے پانچ ماہی گیر ونلّی میں بذریعہ بوٹ بیچ سمندرپہنچ کرمچھلیوں کا شکار کررہے تھے کہ اچانک موسم خراب ہوجانے سے بوٹ اُلٹ گئی تھی ، پانچ میں سے تین ماہی گیر تیرتے ہوئے اور موت کو شکست دیتے ہوئے سمندر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے، البتہ دیگر دو ماہی گیر سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگئے تھے۔ کافی تلاش کے بعد آج بدھ صبح نو بجے ایک کی لاش دسیتاب ہوئی ہے۔